بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے اجلاس،کمشنر ملتان کی ایم ڈی اے کو انسداد تجاوزات آپریشن میں تیزی لانے کی ہدایت

ہفتہ 16 اگست 2025 23:45

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) کمشنر ملتان عامر کریم خان کی زیر صدارت ملتان کی بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے بارے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس میں عامر کریم خان نے ایم ڈی اے کو کنٹرول روڈز پر انسداد تجاوزات آپریشن میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چونگی نمبر 9، سیداں والا بائی پاس کے چوک کو ٹریفک کی بہتری کیلئے ختم کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے ٹریفک اشارے انسٹال کرکے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر تجاوزات، ریڑھیوں اور رکشوں کی غیر قانونی پارکنگ نے شہر کا حسن گہنا کر رکھ دیا ہے۔ عامر کریم کا کہنا تھا کہ بوسن روڈ پر غیر ضروری روڈ کٹ ختم کرکے شہر کا پہلا پروٹیکٹڈ یو ٹرن بنایا گیا۔

(جاری ہے)

کمرشل پلازوں کو پارکنگ ایریا میں گاڑیوں کی پارکنگ کروانے کیلئے پابند کیا گیا۔

کمشنر نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت کےلئے ٹریفک کی روانی پر سخت اقدامات کر رہے ہیں۔ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کیساتھ بھی آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا۔شہر کے داخلی خارجی راستوں کی تزین و آرائش، سٹریٹ لائٹس اور بحالی کا کام جاری ہے۔ اجلاس میں ڈی سی وسیم حامد سندھو، سی ٹی او کاشف اسلم سمیت ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم، اے سی سٹی سمیع شیخ، سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار، اے سی آر مکرم خان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :