بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور ایف پی سی سی آئی کے اشتراک سےکراچی میں 19 اگست کو بلوچستان گرین انرجی اینڈ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کانفرنس ہوگی

ہفتہ 16 اگست 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور ایف پی سی سی آئی کے اشتراک سےکراچی میں 19 اگست کو بلوچستان گرین انرجی اینڈ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کانفرنس ہوگی، جس میں محکمہ توانائی اور محکمہ انڈسٹریز بلوچستان کی جانب سےنئے پروجیکٹس لانچ کئے جائیں گے،کانفرنس میں سفارتکاروں سمیت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑنےایک بیان میں کانفرنس کو بلوچستان کے معاشی مستقبل کیلئے اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں موجود مواقع اور امکانات کے بارے میں آگاہ کرینگے۔ یہ تقریب بلوچستان میں صنعتی و تجارتی ترقی کی نئی راہیں کھولے گی، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار یہاں آئیں، دیکھیں اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میرسرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان میں پائیدار ترقی کی کوشش جاری ہے، دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ بلوچستان امن، مواقع اور ترقی کا گہوارہ بن چکا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد نہ صرف بلوچستان کے قدرتی وسائل اور توانائی کے شعبے میں موجود وسیع امکانات کو دنیا کے سامنے لانا ہے بلکہ صنعتی ترقی، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے دیگر شعبوں میں بھی پائیدار ترقی کے دروازے کھولنا ہے۔

کانفرنس میں پیش کیے جانے والے منصوبے توانائی، ماحولیاتی تحفظ، معدنیات، صنعتی زونز اور جدید انفراسٹرکچر پر مبنی ہوں گے، جن سے نہ صرف صوبے کی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ مقامی آبادی کو روزگار، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہو گی۔