سی ڈی اے نے جی ٹی روڈ ترنول کا بڑا حصہ تجاوزات سے پاک کردیا

ہفتہ 16 اگست 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) سی ڈی اے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے جی ٹی روڈ ترنول کا بڑا حصہ تجاوزات سے پاک کردیا ، آپریشن میں 40 غیرقانونی ڈھانچے مسمار اور ہٹائے گئے۔ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (انفورسمنٹ) اور ڈائریکٹر ڈی ایم اے ڈاکٹر انعم فاطمہ کی نگرانی میں اسلام آباد انتظامیہ کی معاونت سے جی ٹی روڈ ترنول پر بڑے پیمانے پر انسداد تجاوزات آپریشن کیا گیا۔

یہ آپریشن ٹوٹل پیٹرول پمپ سے لے کر زرکون پلازہ تک کیا گیا۔آپریشن کے دوران کل 40 غیرقانونی ڈھانچے مسمار اور ہٹائے گئے، جن میں 17 ڈائرکشنل اور سائن بورڈز، 2 شیڈز، 5 بلاک والز، 9 دکانیں اور 7 غسل خانے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

قانونی کارروائی کے تحت 09 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ مزید خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے 08 دکانیں سربمہر بھی کردی گئیں۔ سی ڈی اے انفورسمنٹ ٹیموں نے عارضی ڈھانچوں اور مشینری کے خلاف بھی کارروائی کی۔

2 سکیورٹی کیبنز کو انفورسمنٹ اسٹور میں منتقل کیا گیا جبکہ 37 کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ 27 کنٹینرز اور ایک لیفٹر مشین کو اسٹور میں منتقل کر دیا گیا۔ تقریباً 2 کلومیٹر کے دائرے کو صاف کیا گیا، جس میں سائن بورڈز سمیت دو ٹرک بھر ملبہ انفورسمنٹ اسٹور میں منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ زرکون پلازہ سے ٹوٹل پمپ تک، 3 کلومیٹر کے دونوں اطراف کا 80-90فیصد حصہ صاف کر دیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ سکریپ ڈیلرز کے ذریعے ہٹایا جا رہا ہے۔

بس اسٹاپ سرائے خربوزہ سے ریلوے پھاٹک تک2 کلومیٹر کے ایک طرف کا حصہ مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔ اس طرح، کل 16 کلومیٹر میں سے 8 کلومیٹر صاف ہو چکا ہے، جو 50فیصد پیشرفت کو ظاہر کرتا ہے۔ سی ڈی اے نے آپریشن کو مکمل کرنے کیلئے 21 اگست، 2025 کی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی ہے۔ ادارے نے جی ٹی روڈ ترنول کو تمام غیر قانونی قبضوں سے پاک کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔