ھ*صوبائی سطح پر بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ 15 اگست سے 20 اگست تک شیڈول تھے،مسعود احمد کی وضاحت

ہفتہ 16 اگست 2025 23:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2025ء)ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ایکسٹینشن بلوچستان مسعود احمد نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی سطح پر بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ 15 اگست سے 20 اگست تک شیڈول تھے، جن کا انعقاد ایگریکلچر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (اے آر آئی) سریاب میں کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے تمام انتظامات مکمل تھے۔ ٹیسٹ صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوا اور ابتدائی دو بیچ کے ٹیسٹ کامیابی سے منعقد ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ بعد میں طلبہ کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث گیٹ پر رش پیدا ہو گیا، کیونکہ ٹیسٹ سینٹر کا داخلی دروازہ مین روڈ پر واقع ہے جس کے باعث ہجوم بڑھ گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کے لیے صرف تین ڈویژنز کے امیدواروں کو بلایا گیا تھا، تاہم دیگر اضلاع سے بھی بڑی تعداد میں امیدوار پہنچنے کے باعث رش میں اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

مسعود احمد کے مطابق، رش کے باعث ٹیسٹ وقتی طور پر متاثر ہوا، لیکن فوری طور پر رانی باغ میں ٹینٹ لگا کر سلسلہ دوبارہ شروع کیا گیا اور اس موقع پر تین ڈویژنز کے ساتھ ساتھ وہ امیدوار بھی شامل کیے گئے جن کا ٹیسٹ گزشتہ دن مکمل نہیں ہو سکا تھا۔

ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ایکسٹینشن نے کہا کہ اب تک تقریبا 80 فیصد ٹیسٹ پرامن اور منظم ماحول میں مکمل ہو چکے ہیں، جب کہ باقی ماندہ ٹیسٹ بھی ان شا اللہ پرامن طریقے سے منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اخباری اشتہار کے ذریعے واضح کر دیا گیا ہے کہ اگر کسی امیدوار کا ٹیسٹ کسی وجہ سے رہ گیا ہے تو اسے موقع فراہم کیا جائے گا۔ ان کے مطابق تمام ٹیسٹ پرامن اور منظم انداز میں جاری ہیں

متعلقہ عنوان :