پنجاب حکومت کا بلدیاتی ایکٹ 2025ء کو اسمبلی سے فوری پاس کروانے کا فیصلہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 21:46

پنجاب حکومت کا بلدیاتی ایکٹ 2025ء کو اسمبلی سے فوری پاس کروانے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن کے بلدیاتی الیکشن کرانے بارے فیصلے پر پنجاب حکومت متحرک ہو گئی ، بلدیاتی ایکٹ 2025ء کو پنجاب اسمبلی سے فوری پاس کرانے کا فیصلہ کرلیا ،حکومتی ارکان اسمبلی کو 13اکتوبر بروز پیر کے روز ایوان میں 100فیصدحاضری کی ہدایت کردی گئی، ایوان وزیر اعلی سے ارکان اسمبلی کو باقاعدہ ہدایات جاری کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ2025کوقائمہ کمیٹی برائے بلدیات نے اتفاق رائے سے پاس کیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں حلقہ بندیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے ضلعی دفاترحلقہ بندیاں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء کے تحت کریں گے۔نیالوکل گورنمنٹ ایکٹ2025اسمبلی سے منظور ہونے پر 2022 کی حد اورحلقہ بندی غیرفعال ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

بلدیاتی ایکٹ 2025ء کے تحت یونین کونسلز کی آبادی 22ہزار سے 27ہزار نفوس پر مشتمل ہو گی، یونین کونسلز میں 9کونسلرز براہ راست الیکشن لڑیں گے۔یوسیزمیں خاتون کونسلر،یوتھ کونسلر،لیبرکونسلرواقلیتی کونسلرکی4مخصوص نشستیں ہونگی۔یونین کونسل کا ہاس مجموعی طور پر 13 ارکان پر مشتمل ہوگا۔ یوسی کے ممبرز ووٹ کے ذریعے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔

نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کے نفاذ پر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور ختم ہو جائے گی، لاہور میں ٹائون میونسپل کارپوریشنز وجود میں آئیں گی،ٹائون کارپوریشنز کی باقاعدہ اسمبلی ہو گی۔ متعلقہ یونین کونسلزکے چیئرمین ٹائون میونسپل کارپوریشن کے ممبرہوں گے۔نئے ایکٹ کے نفاذپر لاہور میں یوسیزکی تعداد 274سے 400سے زائد ہوجائے گی۔