دوست وہ اچھا جسے دیکھ کر خدا یاد آجائے، علامہ الیاس قادری

تعلقات ایسے رکھنے چاہئیں جن سے حرص یا لالچ کا تاثر پیدا نہ ہو، مدنی مذاکرے میں گفتگو

جمعہ 10 اکتوبر 2025 19:02

دوست وہ اچھا جسے دیکھ کر خدا یاد آجائے، علامہ الیاس قادری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ دوست وہ اچھا جسے دیکھ کر خدا یاد آجائے اور جس کی صحبت سے نیک اعمال میں اضافہ ہو، ایسا دوست انسان کو ان اعمال کی طرف راغب کرتا ہے جو اللہ کی رضاکا باعث بنتے ہیں، اس کے برعکس وہ دوستی جس کی بنیاد محض دنیاوی مفاد پر ہو، دین میں اس کی کوئی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی، دنیاوی مفاد پر قائم دوستی اکثر انسان کو گناہوں کی طرف لے جاتی ہے جو آخرت کیلئے نقصان دہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ ہونے والے مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ روز قیامت نیک اور متقی دوست آپس میں دوستی قائم رکھیں گے جبکہ دنیاوی مفاد کیلئے بنائے گئے دوست اس دن گہرے دشمن بن جائیں گے، اس لیے ضروری ہے انسان غور کرے کہ وہ کس سے دوستی کر رہا ہے، برے دوستوں کی صحبت گناہوں کی طرف لے جاتی ہے حالانکہ ان سے دوستی ترک کرنا لازم ہے، ورنہ گناہوں سے بچنا مشکل ہوجاتا ہے، دوستی قائم رکھنے کیلئے برے دوستوں کے گناہوں کی تائید یا ان کی فحش کلامی میں ساتھ دینا پڑتا ہے جو آخرت کیلئے نقصان دہ ہے۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے صلہ رحمی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صلہ رحمی کرنے کا حکم ہمیں اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے دیا ہے، تعلقات ایسے رکھنے چاہئیں جن سے حرص یا لالچ کا تاثر پیدا نہ ہو، عزیز و اقارب کو موقع و محل کے لحاظ سے دعوت پیش کریں مگر خوشامد سے گریز کریں، تعلقات میں اعتدال رکھنا بہتر ہے، ہر شخص دولت حاصل کرنے کے بعد مغرور نہیں ہوجاتا، ایسے مالدار بھی ہیں جو عاجزی و انکساری کے پیکر ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :