محکمہ زراعت کی دھان کے بھورے دھبوں اور جراثیمی جھلساؤ کے تدارک سے متعلق سفارشات جاری

اتوار 17 اگست 2025 16:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) محکمہ زراعت نے دھان کے بھورے دھبوں اور جراثیمی جھلساؤ کے تدارک سے متعلق سفارشات جاری کر دی ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ کے مطابق دھان کے بھورے دھبوں کی بیماری کے دوران دھان کے پتوں پر چھوٹے چھوٹے گول یا بیضوی نشان ظاہر ہوتے ہیں۔ پتوں کے کناروں کا رنگ بھورا اور درمیانی حصہ خاکستری ہوتا ہے۔

بیماری کی شدت بڑھنے پر دھبوں کی تعداد بہت زیادہ ہو جاتی ہے۔ اس کے کنٹرول کیلئے دھان کے کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی ماہرین کی سفارش کردہ پھپھوندی کش زہروں کا سپرے کریں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ دھان کے جراثیمی جھلساؤ کا حملہ پتے کی نوک اور کناروں سے شروع ہو کر لمبائی اور چوڑائی میں بڑھتا ہے۔پتوں پر بیماری کی علامات سفید نمدار دھاری کی شکل میں ظاہر ہوتی ہیں اور بعد میں پتے کا بیمار حصہ سوکھ کر سفید ہو جاتا ہے اور پتہ اوپر کی طرف لپٹ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

شروع میں اس کا حملہ ٹکڑیوں پر ہوتا ہے جو سازگار موسمی حالات میں بڑھ کر پوری فصل کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔ اس بیماری میں فصل دور سے جھلسی ہوئی نظر آتی ہے۔اس کے تدارک کیلئے کاشتکار اس بیماری کا حملہ نظر آتے ہی محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کی سفارش کردہ زرعی زہروں کا سپرے کریں۔بیماری والے کھیت سے پانی دوسرے کھیت میں منتقل نہ کریں۔پانی کی سطح ایک تا دو انچ سے زیادہ نہ ہونے دیں۔ دھان کے کیڑوں بالخصوص پتہ لپیٹ سنڈی کا بروقت موثر تدارک کریں۔دھان کی فصل پر سپرے سے قبل کاشتکار وقفہ قبل از برداشت ضرور محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے نوٹ کریں اور تمام سپرے اس کے مطابق کریں۔

متعلقہ عنوان :