پی ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب متاثرہ اضلاع کو 89 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی فراہمی کا عمل مکمل

اتوار 17 اگست 2025 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ اضلاع بونیر، باجوڑ، سوات اور شانگلہ کے لیے 89 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی ترسیلی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اقدام حالیہ بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

89 ٹرکوں سے لیس امدادی سامان میں متاثرین کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 1800 فیملی ٹینٹس، 1000 ونٹرائز ٹینٹس، 3100 گدے، 3500 تکیے، 1500 ہائجین کٹس، 3300 کچن سیٹ، 2100 ترپال، 3300 چٹائیاں، 4400 مچھر دانیاں، 3800 کمبل، 1000 جیری کینز، 1000 بسترے، 1750 سولر لیمپس، 10 ڈی واٹرنگ پمپس، 10 جنریٹرز، 100 لائف جیکٹس اور 500 گیس سلنڈرز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ سامان متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی فوری رہائش، روزمرہ زندگی اور بحالی کے عمل میں مددگار ثابت ہوگا۔

اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کو مجموعی طور پر 800 ملین روپے بھی جاری کر دیے ہیں جس میں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر کو 500 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی ادائیگی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ متاثرین کو جلد از جلد مالی معاونت فراہم کی جا ئے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے اس بات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز کو پراونشل ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ معلومات کا بروقت تبادلہ اور اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت تیار ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں کسی بھی ضرورت کے تحت فوری امداد فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :