ڈیرہ اللہ یار کے فیز ٹو میں گزشتہ ایک ماہ سے پانی نہیں ، فیز ون سے جو پانی شہریوں کو مہیا کیا جا رہا وہ پانی بھی پینے کے قابل نہیں ہے ،حاجی محمد طاہر عمرانی

پیر 18 اگست 2025 18:44

جعفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) ڈیرہ اللہ یار کے مختلف محلوں میں پینے کا پانی بحران اختیار کر گیا ، شہری اتحاد ڈیرہ اللہ یار کے صدر حاجی محمد طاہر عمرانی ، خانزادہ بگٹی ، ظفر علی عمرانی ، عبدالرسول بلوچ ، واجہ عبدالحکیم بلوچ اور غلام حسین کھوسہ کی قیادت میں مزدور چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ، ریلی کے شرکائ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پی ایچ ای جعفرآباد کے خلاف نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

ریلی میں سیاسی ، سماجی رہنماوں ، سول سوسائٹی ، سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہی پی ایچ ای آفس پہنچی جہاں پر ریلی کے شرکاء نے احتجاجی دھرنا دے دیا ، دھرنے کے شرکاء سے شہری اتحاد کے صدر حاجی محمد طاہر عمرانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے شہر کے مختلف محلوں میں پینے کا پانی نہیں ہے ان کا کہنا تھا کہ صبح ہوتے ہی ہمارے بچے اور خواتین پانی کے حصول کیلئے در در کی ٹھوکریں کھاتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اللہ یار کے فیز ٹو میں گزشتہ ایک ماہ سے پانی نہیں ہے اور فیز ون سے جو پانی شہریوں کو مہیا کیا جا رہا وہ پانی بھی پینے کے قابل نہیں ہے آلودہ پانی پینے سے شہری مختلف امراض میں مبتلا ہو گئے ہیں ، حاجی محمد طاہر عمرانی نے منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ ڈیرہ اللہ یار شہر میں پینے کے پانی کیلئے فوری اقدامات کریں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔