ڈی پی او گلگت کی اشتہاری اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

پیر 18 اگست 2025 22:18

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گلگت اسحاق حسین (پی ایس پی) کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ڈی پی او جگلوٹ سرکل سید کامران حسین، ایس ایچ اوز تھانہ جگلوٹ و تھانہ پڑی، تفتیشی افسران، محریران اور CMS/HRMIS آپریٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سال 2024 تا 2025 کے زیر تفتیش مقدمات، تکمیلی چالان، مجرمان اشتہاری اور عدالتی مفروران کی گرفتاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈی پی او گلگت نے تمام ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کو ہدایت دی کہ مجرمان اشتہاری و عدالتی مفروران اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام مقدمات میرٹ کی بنیاد پر نمٹائے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور مظلوم کو انصاف فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔