اداروں پر ایک دوسرے کا احترام لازم و ملزوم ہے، پارلیمنٹ بالادست اور اسے قانون سازی کا حق ہے، اعظم نذیر تارڑ

پیر 18 اگست 2025 22:55

اداروں پر ایک دوسرے کا احترام لازم و ملزوم ہے، پارلیمنٹ بالادست اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اداروں پر ایک دوسرے کا احترام لازم و ملزوم ہے، پارلیمنٹ بالادست اور اسے قانون سازی کا حق ہے۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹرز سلیم مانڈوی والا، علی ظفر اور کامران مرتضیٰ کی جانب سے کمیٹی امور میں عدالتی حکم امتناعی کے حوالہ سے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ادارے ایک دوسرے کا احترام کریں اور ایک دوسرے کی حدود میں مداخلت نہ کریں، ہم عدالت میں زیر سماعت مقدمات پر پارلیمنٹ میں بحث نہیں کرتے، اعلیٰ عدالتیں آئین و قانون کی تشریح کرتی ہیں اور عوام کو انصاف دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ بالادست ہے اور اسے قانون سازی کا حق حاصل ہے، پارلیمنٹ نے 2010ء میں ججز تعیناتی کا طریقہ کار طے کیا تھا، پارلیمانی کمیٹی چیف جسٹس کی سفارشات پر ججز کی تعیناتی یا مسترد کرنے کا اختیار رکھتی تھی، اب ججز تعیناتی کمیشن میں پارلیمان کی نمائندگی موجود ہے۔

(جاری ہے)

اٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہا کہ ماضی میں ایوان زیریں کی کارروائی سپریم کورٹ میں چیلنج کی گئی، عدالت نے اپنے فیصلہ میں ایوان زیریں کی کارروائی کو غیر آئینی قرار دیا تھا، ایوان بالا وفاق کی علامت ہے اور اس کا احترام کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے قواعد کے مطابق کمیٹی ایسے معاملات سن سکتی ہے جو عوامی اہمیت کے ہوں، سرکاری امور سے متعلق ہوں یا یہ معاملہ کسی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہ آتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام ادارے اپنے دائرہ اختیار میں کام کرتے ہیں، اس معاملہ کو خوش اسلوبی سے حل کر لیں گے۔