پنجاب میں جاپانی ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

جدید ہائی ٹیک جاپانی مشینری، آلات اور طریقہ علاج صوبے کے سرکاری صحت کے نظام میں رائج ہوگا، نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کو بھی جاپان میں رائج صحت کے نظام کی طرز پر بنایا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اگست 2025 15:36

پنجاب میں جاپانی ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب میں جاپانی ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان میں رائج صحت و علاج اور ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم صوبے میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے دورہ جاپان کے دوران متعدی علاج کے لئے عالمی شہرت یافتہ جاپانی ہسپتال نیشنل سنٹرفار گلوبل ہیلتھ کا دورہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ جدید ہائی ٹیک جاپانی مشینری، آلات اور طریقہ علاج پنجاب کے سرکاری صحت کے نظام میں رائج ہو گا، نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کو بھی جاپان میں رائج صحت کے نظام کی طرز پر بنایا جائے گا، جاپان کی طرح پنجاب میں بھی ہیلتھ انشورنس کا طریقہ رائج کیا جائے گا، پنجاب میں ذیابیطس، جگر اور متعدی امراض کے علاج کے لئے جاپانی تحقیق سے فائدہ اٹھانے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وفد کے ارکان کو ذیابیطس، جگر اور متعدی امراض کے جاپانی طریقہ علاج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، مریم نواز نے ہسپتال کے مختلف شعبے دیکھے، انہوں نے ہسپتال میں فراہم کردہ سہولیات اور مشینری کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے جاپانی ماہرین طب سے بھی بات چیت کی، انہیں نیشنل سنٹر فار گلوبل ہیلتھ میڈیسن میں جگر کے علاج کے بارے میں آگاہ کیا گیا، وزیراعلیٰ اور وفد کے ارکان کو متعدی امراض کے علاج کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

علاوہ ازیں پنجاب میں شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے جدید جاپانی ٹیکنالوجی استعمال میں لانے کا فیصلہ کیاگیاہے، جاپان کی جدید ٹیکنالوجی اور طریقے پنجاب میں واٹر فلٹریشن اور ویسٹ مینجمنٹ کے لئے استعمال میں لائے جائیں گے، وزیراعلی پنجاب مریم نوا نے جاپان کے سب سے بڑے واٹر فلٹریشن اور ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا، انہوں نے اساہی کو، یوکوہاماسٹی، کانا گاوا، وا شیماکو، ہوڈوگاوا کو کے واٹر ٹریٹمنٹ سسٹمز کا معا ئنہ کیا، وزیراعلی پنجاب کو جاپان کے شہروں کے کوڑے کرکٹ، گندے پانی اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔