وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات پر معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری ملک نیک محمد خان داوڑ کا ضلع بونیر کے بعد سوات کا دورہ

منگل 19 اگست 2025 19:16

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات پر معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی ہدایات پر معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری ملک نیک محمد خان داوڑ نے ضلع بونیر کے بعد سوات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں کلاؤڈ برسٹ اور حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ملک نیک محمد خان داوڑ نے ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹر مینگورہ اور ضلعی دفتر کا بھی دورہ کیا جہاں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت نے ریسکیو سرگرمیوں، متاثرین کو فراہم کی جانے والی طبی امداد اور ریلیف آپریشنز کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریسکیو اہلکاروں نے مشکل ترین حالات میں سیکڑوں انسانی جانیں بچائیں اور متاثرہ عوام کو بروقت امداد فراہم کی۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی برائے ریلیف نے ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ایمرجنسی کال ہینڈلنگ سسٹم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔ انہوں نے ایمبولینس، فائر وہیکلز اور واٹر ریسکیو گاڑیوں کا بھی معائنہ کیا اور ریسکیو 1122 سوات کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ملک نیک محمد خان داوڑ نے کہا کہ ریسکیو اہلکار عوام کی جان و مال کے اصل محافظ ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ریسکیو 1122 کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔