کمشنرکوئٹہ ڈویژن کی زیر صدارت تمام ضلعی محکموں کی کارکردگی اور ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے اجلاس کا انعقاد

منگل 19 اگست 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت مقامی ریسٹ ہاؤس میں تمام ضلعی محکموں کی کارکردگی اور ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) انجنیئر نجم کبزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) عبدالوہاب خان ناصر،اسسٹنٹ کمشنر نعمت اللہ ترین،ایکسین بی اینڈ آر(روڈز) مجیب خان پانیزئی،ایس ڈی او(بلڈنگ) بلال احمد خان،ایکسین ایریگیشن حسن اللہ،ضلعی ایجوکیشن آفیسر فیض اللہ خان کاکڑ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جانداد خان اور دیگر متعلقہ افسران نے بھر پور انداز میں شرکت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی کی جانب سے کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ کو ضلع کی مجموعی صورتحال اور یہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت،تخمینہ لاگت،معیار کی نوعیت،مالیاتی امور اور معیاد تکمیل سمیت دیگر درپیش مشکلات و مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز،معیاری اور قابل اعتماد ہے۔

کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت سمیت عوامی فلاح و بہبود کے دیگر ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہےاور اس بابت سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ عوامی خوشحالی و ترقی کے لیے مزید موثر اور بروقت اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کمشنر نے ہدایات جاری کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کے رفتار کو مزید تیز کیا جائےاور ان عوامی فلاحی منصوبوں کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے تمام ممکنہ رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے درپیش مالی مسائل کو بھی حل کیا جائے۔

کمشنر شاہزیب خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست ویژن کے عین مطابق محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم سمیت دیگر عوامی ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس حوالے سےکسی قسم کی غفلت،کوتاہی اور لاپرواہی قابل قبول نہیں ہے۔بعدازاں کمشنر شاہزیب خان کاکڑ اور ڈپٹی کمشنر منصور قاضی نے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انتظامی اور ہسپتال سے متعلق امور کا تفصیلی معائنہ کیا ۔

انہوں نے مریضوں کو درپیش مسائل بھی سنے اور انہیں فوری طور پر حل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔ انہوں نے زیر تعمیر منصوبہ جات کا بھی معائنہ کیااور کام کے معیار اور بروقت مکمل کرنے کے ہدایات بھی جاری کیں۔علاوہ ازیں کمشنر شاہزیب خان کاکڑ نے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود مختلف شعبہ جات سمیت جدید لائبریری اور کمپیوٹر سیکشن کا معائنہ کیا۔