ڈی آئی جی حیدرآباد رینج کا ریجنل پولیس ہسپتال میں جدید مردانہ جنرل وارڈ کا افتتاح کر دیا

منگل 19 اگست 2025 22:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں واقع ریجنل پولیس ہسپتال میں 12 بستروں پر مشتمل جدید طبی سہولیات سے آراستہ نو تزئین شدہ مردانہ جنرل وارڈ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی حیدرآباد، ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا، ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی، اے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ آصف شہزاد ابڑو، اے ایس پی ڈاکٹر تابش، اے ایس پی دادو رائے آصف اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر لیاقت جسکانی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو نے کہا کہ پولیس ملازمین اور شہداء کے اہل خانہ کو ایک ہی چھت تلے جدید طبی سہولیات فراہم کرنا نہایت خوش آئند اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ طبی عملے کی تربیت، جدید مشینری کی فراہمی اور مزید سہولتوں کے قیام کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے ہسپتال کے عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج و معالجے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نعیم احمد میمن نے ڈی آئی جی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں جدید پیتھالوجی مشینری، مفت ادویات، جگر کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے قیمتی انجیکشنز، طبی آگاہی کیمپس اور تعمیر و تزئین کے متعدد منصوبے جاری ہیں، جن میں ڈی آئی جی کا تعاون اور قیمتی مشورے ہمیشہ شامل رہے ہیں۔ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی۔ انہوں نے ہسپتال کے عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور جذبے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سہولیات پولیس ملازمین اور شہداء کے اہل خانہ کے لیے ریلیف اور امید کی کرن ثابت ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :