جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین کی کاشتکاروں کو جیٹروفا کی کاشت کی ہدایت

بدھ 20 اگست 2025 12:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو جیٹروفا کی کاشت کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیٹروفا ایک جھاڑی نما پودا ہے جس کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے کسی بھی طرح کی زمین میں کاشت کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیٹروفا کا پودا 10فٹ تک اونچا اور اس کی عمر 58سال تک ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ جیٹروفا کے بیج میں 50فیصد تک تیل کا تناسب پایا جاتا ہے،اس کے پھل و پھول کو بطور ڈیزل بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس میں بائیو ڈیزل کو کسی کیمیائی عمل کے بغیر ٹریکٹر، پیٹر انجن، دیگر زرعی مشینری کے استعمال میں لا کر اضافی مالی اخراجات سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ جیٹروفا کے دیگر بچ جانے والے میٹریل کو کھاد کے طور پر استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ جیٹروفا کی کاشت اور اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار جیٹروفا کاشت کر کے بھاری منفعت کے حصول سمیت ملک کے زرعی، اقتصادی، معاشی استحکام میں معاون ثابت ہو سکیں۔