ابتدائی میچ میں فتح کے باوجود ٹیم کو اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانا ہوگی ،ہیڈ کوچ ژابی الونسو

بدھ 20 اگست 2025 17:31

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) سپین کے فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے لیگ لا لیگا 2025-26 کے سیزن میں اپنی مہم کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے اوساسونا کو 0-1گول سے شکست دے دی، تاہم ریال میڈرڈ ٹیم کے ہیڈ کوچ ژابی الونسو نے واضح کیا ہے کہ ٹیم سے وہ صرف فتح نہیں بلکہ مزید بہتری کی توقع رکھتے ہیں۔میچ کا واحد گول فرانسیسی سٹار فٹ بالر کیلین ایمباپے نے دوسرے ہاف کے آغاز میں پنالٹی کک کے ذریعے کیا، جو بالآخر فیصلہ کن ثابت ہوا۔

اگرچہ جیت کا مارجن کم رہا، لیکن ژابی الونسو اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے، خاص طور پر اس حوالے سے کہ میڈرڈ نے اوساسونا کو ان کے گول پوسٹ پر حملے کرنے کے زیادہ مواقع نہیں دیئے ۔ژابی الونسو نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اوساسونا کو ہم سے زیادہ وقت پری سیزن کی تیاری کے لیے ملا، اور یہ فرق واضح نظر آیا۔

(جاری ہے)

ہماری ٹیم ابھی چند ہفتوں سے ہی اکٹھی ہوئی ہے کیونکہ ہم نے گرمیوں میں امریکہ میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کلب کپ میں شرکت کی۔

ژابی الونسو نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم کو اٹیکنگ تھرڈ میں تازگی کی کمی محسوس ہوئی اور وہ زیادہ واضح گول کے مواقع پیدا کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ژابی نے کہا کہ اس فتح سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور فتح سکون فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ریال میڈرڈ کے ہیڈ کوچ نے ڈین ہوئیسن، ٹرینٹ الیگزینڈر آرنلڈ، الوارو کریراس اور فرانکو ماسٹانتوونو کی پہلی نمائندگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان سب کھلاڑیوں نے سنجیدگی سے کھیلا، کوئی بڑی غلطی نہیں کی، گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوئے اور مجموعی طور پر ان کی کارکردگی مثبت رہی۔الونسو نے اپنی ٹیم ریال میڈرڈ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ میچز میں مزید بہتری لانے کے لئے سخت محنت کی ضرورت ہے ۔ ژابی الونسو نے مزید کہا کہ ٹیم کو مضبوط اور متوازن انداز میں آگے بڑھنے کی توقع ہے۔ شائقین کی نظریں اب آئندہ مقابلوں پر مرکوز ہیں، جہاں ایمباپے اور دیگر ستارے ٹیم کی کامیابی کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔\932

متعلقہ عنوان :