لیسک سرجری کے بغیر نظر کا اعلاج، امریکی ماہرین نے نئی تکنیک پیش کر دی

بدھ 20 اگست 2025 17:34

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) امریکی ماہرین نے لیسک سرجری کے بغیر نظر کے علاج کی نئی تکنیک متعارف کروا دی۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق امریکی ماہرینِ تحقیق نے بینائی کی درستگی کے لیے ایک ایسی نئی تکنیک متعارف کرائی ہے جو لیسک سرجری کے متبادل کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔ اس طریقہ کار کو الیکٹرو مکینیکل ری شیپنگ (ای ایم آر) کہا جا رہا ہے، جس میں لیزر کے بجائے برقی رو اور پلاٹینم کانٹیکٹ لینس کے ذریعے قرنیہ (کورنیا) کی شکل بدلی جاتی ہے۔

یہ تحقیق امریکی کیمیکل سوسائٹی کی ایک کانفرنس میں پیش کی گئی، جس کی قیادت آکسیڈینٹل کالج کے پروفیسر مائیکل ہل نے کی۔ ان کے مطابق، ای ایم آر کے تحت کولیجن والے بافتوں (ٹشوز ) میں پی ایچ کی سطح کو اس طرح تبدیل کیا جاتا ہے کہ وہ عارضی طور پر نرم ہو جاتے ہیں اور ان کی شکل دی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

تحقیقی ٹیم نے خرگوشوں پر تجربات کیے جن میں درست قرنیہ کے ڈیزائن پر مبنی پلاٹینم کانٹیکٹ لینس استعمال کیا گیا۔

ایک منٹ کے اندر، جو لیسک سرجری کے دورانیے کے برابر ہے، خرگوشوں کا قرنیہ کانٹیکٹ لینس کے مطابق ڈھل گیا۔ محققین کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ کم مراحل پر مشتمل ہے اور اس میں کسی قسم کی چیرا لگانے کی ضرورت نہیں۔نتائج کے مطابق، بارہ میں سے دس آنکھوں میں قرنیہ کی شکل کامیابی سے بہتر بنائی گئی۔ یہ طریقہ کار خاص طور پر نزدیک بینی (مائیوپیا)کے علاج میں مؤثر ہو سکتا ہے، جب کہ کیمیائی اثرات کے باعث قرنیہ کی دھندلاہٹ جیسی حالتوں میں بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، جن کے علاج کے لیے عموماً قرنیہ کی پیوندکاری ضروری ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :