خیبرپختونخوا میں تباہ کن سیلاب مزید 45زندگیاں بہا لے گیا، تعداد بڑھ کر 365 تک پہنچ گئی ، پی ڈی ایم اے

بدھ 20 اگست 2025 19:19

خیبرپختونخوا میں تباہ کن سیلاب مزید 45زندگیاں بہا لے گیا، تعداد بڑھ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) خیبرپختونخوا میں تباہ کن سیلاب مزید 45زندگیاں بہا لے گیا،زخمیوں کی تعداد 181 تک جا پہنچی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا ایک بار پھر تباہ کن بارشوں اور سیلابی ریلوں کی لپیٹ میں ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 45 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 365 تک پہنچ گئی ہے، 181 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب مزید 45زندگیاں بہا لے گیا، ان جان بحق ہونے والوں میں 294مرد، 41 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 144 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں، اس قدرتی آفت کے نتیجے میں اب تک 782 مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن میں 433 جزوی طور پراور 349 مکمل طور پرتباہ ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوارپورٹ کے مطابق بونیر اس صورتحال میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ ہے، جہاں اب تک 225 اموات اور 120 افرادزخمی رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں بڑی تعداد مردوں کی ہے۔

شانگلہ میں 36 افراد جاں بحق اور 24افراد زخمی ہوئے ہیں، صوابی میں 17 اموات اور 20 زخمی،مانسہرہ میں 25 افراد جاں بحق اور 5افرادزخمی ہوئے ۔رپورٹ میں اس حوالے سے مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ باجوڑ میں 22 اموات اور 5 افراد زخمی، سوات میں 20افرادجاں بحق اور 2افراد، لوئر دیرمیں 5 اموات اور 3افراد زخمی، بٹگرام میں 3افرادجاں بحق، جبکہ نوشہرہ، ایبٹ آباد، تورغر اور جنوبی وزیرستان میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا ہے ، جبکہ مردان میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔