پارٹی کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں ہم اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہیں گے،بی این پی کے سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈوکیٹ

بدھ 20 اگست 2025 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) بی این پی کے سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں ہم اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہیں گے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پراآغا حسن بلوچ، احمد نواز بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب سریاب میں پارٹی رہنما جسٹس ریٹائرڈ ظہور شاہوانی کے گھر پرچھاپہ ماراگیا،پارٹی رہنما ملک نصیر شاہوانی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا، ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، چھاپے کے دورا ن جسٹس ریٹائرڈ ظہور شاہوانی کے بیٹے کو ساتھ لے گئے،۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار عطاء اللہ مینگل کی برسی منانے جارہی ہے کارکنوں کو خوف زدہ کرنے کے لئے ایسے ہتھکنڈے اپنائے جا رہے ہیں، ماضی میں بھی بی این پی کے رہنماؤں و کارکنوں کو پابند سلاسل کیا گیا، کارکن اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہے ہیں۔