فیصل آباد ریجنل پولیس نے رواں سال کے دوران7511 اشتہاریوں ، 293 گینگز اور سینکڑوں جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتارکیا

بدھ 20 اگست 2025 21:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) فیصل آباد ریجنل پولیس نے رواں سال کے دوران7511 اشتہاریوں ، 293 گینگز اور سینکڑوں جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق آرپی اوفیصل آباد ذیشان اصغر کی زیر نگرانی ریجن فیصل آبادپولیس کی رواں سال2025 ء میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں 7511 اشتہاریوں ، 293 خطرناک گینگز اور سینکڑوں جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان رضوان بھٹی نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کر یک ڈاؤن جاری ہے۔ ریجنل پولیس آ فیسر فیصل آباد ذیشان اصغر نے ضلعی سربراہان کو کریک ڈاؤن تیز کر نے کے احکامات اور ہدایات جاری کی ۔ ریجنل پولیس نے ان پر عملدرآمد کر تے ہو ئے ریجن فیصل آباد میں رواں سال کے دوران 293 گینگزگرفتارکئے، ان گینگز میں مختلف مقدمات میں ملوث اور مطلوب 729 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

گینگز کی گرفتاری سے 2437 مقدمات یکسو ہوئے۔ گرفتار گینگز کے قبضہ سے65 وہیکلز،1208 موٹرسائیکلز،92 تولے طلائی زیور ات،276 موبائل فونز ،314مویشی اور تقریباً 1.9بلین روپے سے زائد نقدی برآمد کی گئی ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ریجنل پولیس نے کیٹگری اے کے 2242 اور کیٹگری بی کے 5269 مجرمان اشتہاری جبکہ کیٹگری اے کے383 اور کیٹگری بی کے4309 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 1914 مقدمات درج کرتے ہوئے3945 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سےچرس 1552 کلوگرام ،آئس 65 کلوگرام، شراب61455 لیٹر،افیون 280 کلو گرام اور ہیرون273کلو گرام برآمد کرکے پولیس تحویل میں لی گئی ہیں۔ ناجائز اسلحہ رکھنے والے 3718 ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پسٹل3201 ،ریوالور 21، بندوقیں 257 ، کلاشنکوف 96،رائفلیں 243 اور 13986گولیاں برآمد کی گئیں۔ کائیٹ فلائینگ کے خلاف 244مقدمات درج کرتے ہوئے265ملزمان گرفتار کیے گئے اوران کے قبضہ سے 31925کائیٹ اور 580ڈور چرخیاں برآمد کرکے پولیس تحویل میں لی گئی ہیں ۔