ایڈم زمپا کو جنوبی افریقا کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال مہنگا پڑگیا

جمعرات 21 اگست 2025 14:51

ایڈم زمپا کو جنوبی افریقا کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال مہنگا پڑگیا
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا کو جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں نازیبا زبان کا استعمال مہنگا پڑ گیا۔جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں۔آئی سی سی کے مطابق ایڈم زمپا نے جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں لیول ون کی خلاف ورزی کی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ زمپا نے بولنگ کے دوران نازیبا زبان استعمال کی جو اسٹمپ مائیک میں سنی گئی، انہیں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔ایڈم زمپا نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے سزا کو قبول کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی افریقا نے پہلے ون ڈے میچ میں کیشو مہاراج کی کیریئر بیسٹ بولنگ کی بدولت آسٹریلیا کو 98 رنز سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ نے ایڈن مارکرام 82، ٹمبا باووما 65 اور میتھیو بریٹزکے 57 کی نصف سنچریز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے چار، بین ڈوریشس نے دو اور ایڈم زیمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے جارحانہ آغاز کیا تاہم 60 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد آسٹریلوی بلے باز کیشو مہاراج کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کرسکے۔جنوبی افریقہ کو تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :