فش فارمنگ کے فروغ کیلئے مختلف اداروں کے اشتراک سے تربیتی سیمینارز کے انعقاد کا فیصلہ

جمعرات 21 اگست 2025 15:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) محکمہ ماہی پروری و آبی حیات فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ فش فارم بنا کر بنجر زمینوں کو کارآمد بنایا جا سکتا ہے جبکہ درخت لگانے سے بھی بنجر زمینوں میں زرخیزی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مذکورہ اقدام کیلئے جہاں محکمہ فشریز فیصل ۱ٓباد اور جامعہ زرعیہ کے ماہرین زراعت و زرعی سائنسدان اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں وہیں ان کی سفارش پر محکمہ ماہی پروری نے بھی کاشتکاروں کیلئے بلامعاوضہ مشاورتی و تکنیکی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ فش فارمنگ سے نہ صرف انسانی خوراک میں لحمیات کی کمی کو پورا کیا جا سکتاہے بلکہ اس سے کاشتکاروں کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کو فش فارمنگ کے جدید طریقوں سے روشناس کروانے کیلئے جامعہ زرعیہ اور محکمہ ماہی پروری کے اشتراک سے ڈویژن، ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر تربیتی سیمینارز کا انعقاد کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے جس کے انتہائی مفید اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے بتایاکہ ناکارہ اور بنجر زمینوں میں درخت لگانے سے بھی زرخیزی آ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان، کاشتکار، زمیندار زمین کی ساخت اور ماحول کے مطابق ماہرین زراعت کے مشورہ سے ایسے درختوں کا انتخاب کریں جو بیک وقت غذ ا، ایندھن، جنگلی حیات کے فروغ اور بنجر زمینوں کی ذرخیزی کیلئے مفید ثابت ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :