کمشنر سرگودھا ڈویژن کی زیر صدارت سٹی بیوٹیفکیشن، پلس پراجیکٹ اور بورڈ آف ریونیو کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد

جمعرات 21 اگست 2025 20:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں سٹی بیوٹیفکیشن، پلس پراجیکٹ اور بورڈ آف ریونیو کے انیشی ایٹوز بارے چاروں اضلاع کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’’سٹی سنٹرل بیوٹیفکیشن پلان‘‘پر چاروں اضلاع میں پیش رفت جاری ہے جبکہ وادی سون کے نڑواڑی گارڈن کی ٹرانسفارمیشن کے اقدامات بھی زیر عمل ہیں۔

کمشنر نے کہا کہ نڑواڑی گارڈن 1928 سے قائم ہے اور یہ سون ویلی کا گیٹ وے ہے، اس کی ٹرانسفارمیشن سے علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ اس منصوبے میں ماہرین کی خدمات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ’’پلس پراجیکٹ‘‘ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فوکل پرسن ملک وسیم اعوان نے بتایا کہ کھیوٹ کی تقسیم، وانڈا کی تیاری، پارسل بیس سروس، گھر گھر سروے، نئے پراجیکٹس اور ڈرون سروے کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ موقع جات کی ڈیجیٹلائزیشن، ڈیٹا انٹری، درستی، نوٹیفکیشن، دیہی و شہری موضع جات کی ری کنسلیڈیشن، ماس لیول پارٹیشن، ڈویژن و اضلاع کی رینکنگ اور مستقبل کے اہداف پر کام ہو رہا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ پلس پراجیکٹ پر 15 دن بعد ڈویژن سطح کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔بورڈ آف ریونیو کے 26 انشیٹوز پر بھی اجلاس میں غور کیا گیا جس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اے ڈی سی آرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔

کمشنر نے کہا کہ نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی مقررہ اہداف کی وصولی کا مؤثر میکنزم بنایا جائے اور بقایا جات کی وصولی میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے ای رجسٹریشن اور پلس پراجیکٹ کے حوالے سے اگلے ہفتے اے ڈی سی آرز کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا۔اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز نے حالیہ بارشوں سے پیدا صورتحال اور ریلیف آپریشن پر تفصیلات بھی پیش کیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم، اے ڈی سی آر سرگودھا فہد محمود، اے سی آر خان محمد، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ، ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔