اہل اور قابل امیدواروں کا انتخاب ضلعی محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنائے گا ، ڈی سی نصیر آباد

جمعرات 21 اگست 2025 20:20

cکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء) ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی کا اجلاس ، خواتین امیدواروں کے انٹرویوز جاری ہیں ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت ضلعی بھرتی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خالی آسامیوں کے لیے خواتین امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال اور انٹرویوز کے عمل کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی و کمیٹی کے دیگر اراکین سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور امیدواروں کی اسناد اور تجرباتی ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ بھرتی کے اس مرحلے میں امیدواروں کی قابلیت، تجربے اور میرٹ کے اصولوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے شفاف طریقہ کار کے تحت انتخاب کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ بھرتی کے تمام مراحل میرٹ، شفافیت اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر امیدوار کو برابر مواقع فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمے داری ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سفارش یا غیر شفاف رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہل اور قابل امیدواروں کا انتخاب نہ صرف ضلعی محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنائے گا بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کر کے معاشی استحکام میں بھی کردار ادا کرے گا. کمیٹی کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بھرتی کے اس عمل کو جلد از جلد مکمل کر کے کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں اور عوام کو بروقت اپنی خدمات فراہم کی جا سکیں

متعلقہ عنوان :