سری لنکا کا زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے سکواڈ کا اعلان ،فٹنس مسائل کے باعث وانندو ہسارنگا سیریز سے باہر

جمعہ 22 اگست 2025 10:00

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی)زمبابوے کے خلاف دو ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے لئے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔آئی لینڈرز کے سٹار آل راؤنڈر وانندو ہسارنگا انجری کے باعث زمبابوے کے خلاف دو میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ 28 سالہ وانندو ہسارنگا گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی -20سیریز کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے ، جس کے باعث وہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میچز بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی)کے اعلان کردہ سکواڈ کے مطابق وہ 29 اور 31 اگست کو ہرارے میں ہونے والے دونوں ون ڈے میچز کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔سری لنکن سلیکشن کمیٹی نے چریتھ اسالنکا کی قیادت میں 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں چند نئے اور پرانے چہروں کو شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

25 سالہ نوانیڈو فرنینڈو کی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، جو 2024 کے اوائل میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری بار ون ڈے کھیلے تھے۔

اس کے علاوہ 22 سالہ پون رتناائیکے کو ان کی شاندار ڈومیسٹک کارکردگی کے بعد پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔زمبابوے کے خلاف دو ون ڈے میچوں کی سیریز کے لئے اعلان کردہ 16 رکنی سکواڈ چریتھ اسالنکا (کپتان)، پتھم نسانکا، نشان مدوشکا، کُسل مینڈس، سدیرا سماراوکرما، نوانیڈو فرنینڈو، کمنڈو مینڈس، جانتھ لیاناگے، پون رتناائیکے، دونتھ ویلالگے، ملن رتناائیکے، ماہیش تھیكشانا، جیفری وندرسے، اسیتھا فرنینڈو، دشمنتھا چمیرا اور دلشان مدوشکا پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ یہ سیریز زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں کھیلی جائے گی، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی -20 سیریز بھی شیڈول ہےجس کا پہلا میچ 3 ستمبر،دوسرا میچ 6 ستمبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 7 ستمبر کو کھیلا جائے گا ۔\932