ڈینگی کے خلاف انسدادی و حفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 22 اگست 2025 12:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ضلع فیصل آباد میں ڈینگی کے خلاف متعلقہ محکموں کے انسدادی و حفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سرویلنس سرگرمیوں کے خاطر خواہ نتائج نہ دکھانے والے محکمے جوابدہ ہوں گے۔یہ بات ڈپٹی کمشنرفیصل آبادکیپٹن (ر)ندیم ناصر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے موافق مقامات کا بار بار سروے کریں اور ایسی جگہوں کو خشک اور صاف رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات ہونے چاہئیں۔انہوں نے ٹائر شاپس، کباڑخانوں،قبرستانوں اورنرسریز کو بلا ناغہ چیک کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ تمام محکموں کی اینٹی ڈینگی سرگرمیاں واضح نظر آنی چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیز کی میٹنگ میں متعلقہ محکمے اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور میٹنگ کی کارروائی رپورٹ سے ڈی سی آفس کو آگاہ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ڈینگی سے بچاؤ ممکن نہیں لہٰذا انہیں ڈینگی مچھر سے محفوظ رہنے کی غرض سے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کا احساس دلانے کیلئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ اجلاس کے دوران محکموں نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں کارکردگی رپورٹ سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :