روشن نالہ میں گلیشئیائی جھیل کے پھٹنے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں،امدادی کارروائیاں جاری

جمعہ 22 اگست 2025 14:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) روشن نالہ ضلع غذر میں گلیشیائی جھیل کے پھٹنے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ضلعی انچارج راجہ اجمل نذیر کی نگرانی میں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد افراد کو یانگل اور سومال منتقل کیا، ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں اور مکانات کے تباہ ہونے کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، انہیں مستحکم کرنے کے بعد ریسکیو ایمبولینسز کے ذریعے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 عظیم اللہ غذر کی جانب روانہ ہیں جبکہ انجینئر طاہر شاہ گلگت ڈسٹرکٹ سے ایمبولینسز اور عملے کے ہمراہ غذر پہنچ کر آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں، دریا کا بہاؤ بندش کے مقام سے بحال ہو چکا اور اس وقت معمول کے مطابق ہے۔