صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ،پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ

جمعہ 22 اگست 2025 22:38

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر حاجی لیاقت علی لہڑی نے کہاہے کہ صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ،گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ریلوے کالونی کو درپیش مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سکول کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

جمعہ کے روزرکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ریلوے کالونی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران سکول کی پرنسپل محترمہ ثمینہ سلیم اور ان کی ٹیم نے معزز مہمان کو سکول کی تعلیمی، انتظامی اور دیگر سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میر لیاقت علی لہڑی نے خیرسگالی کے جذبے کے تحت سکول میں پودا بھی لگایا، جس کا مقصد ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا اور طلبہ میں شجرکاری کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔

دورے کے دوران علاقہ کے معززین بھی موجود تھے جنہوں نے سکول کی بہتری کیلئے حکومت سے تعاون کی اپیل کی۔پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت علی لہڑی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ریلوے کالونی کو درپیش مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔