فضل حکیم یوسفزئی کا مینگورہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے جاری

متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں ،مسائل سنے ،ریلیف و بحالی کے جاری اقدامات کا جائزہ لیا

جمعہ 22 اگست 2025 20:10

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی نے مینگورہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے چینہ مارکیٹ، لنڈیکس، بنگلہ دیش اور دیگر متاثرہ مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں ان کے مسائل سنے اور ریلیف و بحالی کے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوششیں جاری ہیں مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے رہنا ہمارا اولین فرض ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور ریلیف و بحالی کے تمام اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حالیہ بارشوں، سیلاب اور دیگر مشکلات سے متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور عملی اقدامات کے ذریعے ان کے دکھ درد میں شریک ہیں صوبائی حکومت اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ متاثرین کی خدمت اور بحالی کے لیے سرگرم عمل ہے فضل حکیم خان یوسفزئی نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ،ڈبلیو ایس ایس سی، ٹی ایم اے کے ساتھ محکمہ لائیو سٹاک اور فشریز کے اہلکاروں کو بھی متاثرہ علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے جو گھروں اور گلیوں سے کیچڑ اور ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں تاکہ عوام کو جلد از جلد صاف ماحول اور سہولیات فراہم کی جاسکیں۔