{جعلی نکاح نامہ کیس، لاہور ہائیکورٹ سے سلمان بٹ کی ضمانت منظور

ض*لاہور ہائیکورٹ نے ایک لاکھ مچلکوں کے عوض ملزم سلمان بٹ کی رہائی کا حکم دیا

جمعہ 22 اگست 2025 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے جعلی نکاح نامہ تیار کرنے کے مقدمے میں ملوث ملزم سلمان بٹ کی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کے دوران ملزم کے وکیل صفائی کا مؤقف سنا کہ درخواست گزار کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ درج ہے، جس میں اسے 12 اپریل 2025 کو گرفتار کیا گیا اور وہ گزشتہ چار ماہ سے جیل میں قید ہے۔

(جاری ہے)

وکیل نے بتایا کہ سلمان بٹ نے نومبر 2024 میں اپنی کلاس فیلو سے شادی کی تھی، جس کے بعد اپریل 2025 میں لڑکی کے لواحقین نے جعلی نکاح نامہ تیار کرنے کا الزام عائد کر کے مقدمہ درج کروا دیا۔وکیل صفائی نے کہا کہ نکاح خواں کی عدالت پہلے ہی ضمانت منظور کر چکی ہے، اس لیے عدالت ملزم کو بھی ضمانت پر رہا کرے۔ دوسری جانب وکیل مدعی نے مؤقف اپنایا کہ ملزم نے جعلی نکاح نامہ تیار کروایا اور فرانزک رپورٹ کے مطابق انگوٹھوں کے نشانات بھی ملزم سے مطابقت رکھتے ہیں، اس لیے ضمانت خارج کی جائے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم سلمان بٹ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا