سرگودھا، ناقص کارکردگی پر ایم سی 1 سپروائزر ملازمت سے برخاست

ہفتہ 23 اگست 2025 17:01

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا عمران شاہد نے ناقص کارکردگی پر ایم سی 1 کے سپروائزر تنویر بھٹی کو فوری طور پر ملازمت سے برخاست کر دیا ہے۔ سی ای او نے ایم سی 1 کا دورہ کیا، جہاں علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ کئی روز سے گھروں سے کوڑا کرکٹ نہیں اٹھایا جا رہا۔ علاقے میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پائے گئے جبکہ صفائی بھی انتہائی ناقص پائی گئی۔

اس صورتحال پر شہریوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔ رانا عمران شاہد نے موقع پر ہی ناقص کارکردگی کے ذمہ دار سپروائزر کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کیے اور واضح کیا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے خبردار کیا کہ یونین کونسلز کے اچانک دورے اب معمول کا حصہ ہوں گے، جہاں بھی کوتاہی پائی گئی، وہاں کے سپروائزر اور ذمہ دار عملے کو فوری طور پر فارغ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عملہ اپنا قبلہ درست کرے اور صفائی کے نظام کو اس معیار پر لائے جس پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔ سی ای او نے ڈپٹی جنرل منیجرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کچرا کنٹینرز کی بروقت صفائی، اسٹریٹ سویپنگ اور ڈور ٹو ڈور کلیکشن کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ سستی یا غفلت کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے لیے ایس ڈبلیو ایم سی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :