چیچہ وطنی ، حلقہ این اے 143 اور پی پی 203 میں 5 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس

ہفتہ 23 اگست 2025 17:59

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر شاہد محمود نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا طاہر رحمان اور ریجنل الیکشن کمشنر سید باسط علی کے ہمراہ حلقہ این اے 143 اور پی پی 203 میں 5 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد عاطف چوہدری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رانا اورنگزیب، اسسٹنٹ کمشنرساہیوال ماہم واحد ،اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی وریٹرننگ آفیسر این اے 143 جاوید ممتازاور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ شفاف، پرامن اور منصفانہ انتخابات ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ٹرانسپورٹیشن پلان، سیکیورٹی پلان، بیلٹ باکسز اور بیلٹ پیپرز کی بحفاظت ترسیل کے لیے مثر انتظامات کرنے کی ہدایات دیں اور خدنخواستہ کسی ناگہانی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور ریسکیو1122 کو خصوصی تیاری رکھنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے پیپر ورک مکمل کیا جائے تاکہ انتخابی عمل کی شفاف مانیٹرنگ ممکن ہو سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔انہوں نے ریٹرننگ واسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کریں اور بنیادی ضروری سہولتوں کی دستیابی سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔

ڈی پی او رانا طاہر رحمان نے کہا کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز پر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ریجنل الیکشن کمشنر سید باسط علی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن شفافیت اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے مکمل ہم آہنگی سے کام کریں گے۔