سیکرٹری زراعت پنجاب کا دورہ ملتان ،کپاس کی صورتحال بارے ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں اجلاس کی صدارت کی

ہفتہ 23 اگست 2025 21:33

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) سیکریٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ملتان میں ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کا دورہ کیا اورکپاس کی موجودہ صورتحال بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر انہوں نے ایگری مال کے آپریشنز کا جائزہ بھی لیا۔ اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کپاس کی بحالی ہمارا قومی فریضہ ہے۔ امسال 32 لاکھ ایکڑ رقبہ کپاس کے زیرِ کاشت لایا گیا ہے۔

55 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے ہدف کے حصول کے لیے فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، چیئرمین نیشنل سیڈ ریگولیٹری اتھارٹی ڈاکٹر آصف علی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، ڈاکٹر ساجدالرحمان، ڈاکٹر عبد القیوم، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی، چیف ایگزیکٹیو پارب ڈاکٹر عابد محمود، ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ، کاٹن گروور سید حسن رضا، خالد محمود کھوکھر، ڈاکٹر خالد حمید، چیف انجینئرز محکمہ انہار سمیت محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ کراپ رپورٹنگ سروس کی رپورٹس کے مطابق اب تک 9 لاکھ سے زائد گانٹھوں کے برابر پھٹی کی چنائی مکمل ہو چکی ہے۔ کاٹن انسپکٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ جننگ فیکٹریوں میں پھٹی کی آمد اور روئی کا درست ریکارڈ مرتب کریں۔ فیلڈ رپورٹس کے مطابق کپاس کی حالت تسلی بخش ہے اور کیڑوں و بیماریوں کے حملوں کی خطرناک صورتحال کسی علاقے سے رپورٹ نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی آئندہ کاشت کے لیے اچھی کارکردگی کی حامل اقسام کی سروے رپورٹ تیار کی جائے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نےملتان میں قائم ماڈل ایگریکلچر مال کا دورہ کیا اور آپریشنل انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کمپنی انتظامیہ کے مطابق چاروں ماڈل ایگری مالز ستمبر کے آخر تک مکمل طور پر آپریشنل ہو جائیں گے۔