ٴانسداد ڈینگی اقدامات: ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں لاہور کو ڈینگی فری بنانے کی کوشش

تحصیل رائیونڈ میں سرویلنس، لاروا تلف اور اسپرے کی کارروائیاں تیز ، شہریوں کی صحت اولین ترجیح، ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی پر سخت نگرانی

ہفتہ 23 اگست 2025 20:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں انسداد ڈینگی مہم کو مزید موثر بنانے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں، جس کا مقصد لاہور کو ڈینگی سے پاک شہر بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل رائیونڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور بحریہ اورچرڈ، پاجیاں اور ملحقہ علاقوں میں ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر سی او ایم سی ایل، اے ڈی سی جی، سی ای او ہیلتھ، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سی ای او ہیلتھ نے ڈی سی کو انسداد ڈینگی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ڈینگی لاروا ملنے پر اسے فوری طور پر تلف کیا گیا اور 10 اطراف کے گھروں میں اسپرے کی کارروائی مکمل کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ٹیمیں مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے ڈی ایچ اوز، ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر اور ڈی ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ ڈینگی سرویلنس کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔ ڈی سی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ شہریوں کی صحت کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ڈینگی ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ڈینگی پر قابو پانا ممکن نہیں، اس لیے سب کو مل کر لاہور کو ڈینگی فری بنانے کے ہدف کی طرف بڑھنا ہوگا

متعلقہ عنوان :