ازبک صدرنے نیشنل میوزیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

میوزیم بیک وقت 10 ہزار نوادرات کی نمائش ممکن ہوگی

جمعرات 28 اگست 2025 15:15

تاشقند(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف نے نیشنل میوزیم آف ازبکستان کے تعمیراتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، یہ منصوبہ ملک کی آزادی کے بعد قومی تشخص کی بحالی اور عظیم تمناں کی تکمیل کی سمت ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔تقریب کے موقع پر صدر کو منصوبے کی تفصیلات، ڈیزائن اور تعمیراتی مراحل سے آگاہ کیا گیا۔

میوزیم کا خاکہ جاپانی ادارے نے جرمن کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا ہے، جس کا ڈیزائن مشرقی اور مغربی تہذیبوں کی ہم آہنگی کی علامت کے طور پر گولائی، مربع اور مثلث پر مبنی ہے، تعمیر کا مرکزی ٹھیکہ چینی کمپنی سی ایس سی ای سی انٹرنیشنل کنسٹرکشن کو دیا گیا ہے۔نیشنل پارک کے قریب منعقدہ افتتاحی تقریب میں دانشوروں، اہلِ قلم، فنکاروں، ماہرینِ ثقافت، عوام اور بزرگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر مرزیایوف نے آزادی کے دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہم اپنی اقدار کی بحالی کے لیے ہمہ جہتی کوششیں کر رہے ہیں، اسلامی تہذیب کا مرکز، امام بخاری کمپلیکس اور اولمپک ٹان جیسے شاندار منصوبوں کی تعمیر جاری ہے، آج ہم ایک اور تاریخی سنگ میل نیشنل میوزیم کی تعمیر کا آغاز کر رہے ہیں، جو علم، روشنی اور ثقافت کا مرکز بنے گا اور ہماری تین ہزار سالہ وراثت کو دنیا اور آنے والی نسلوں تک پہنچائے گا۔

اس وقت صرف تاشقند کے 30 میوزیمز میں ایک ملین سے زائد نوادرات محفوظ ہیں۔ان میں سیایک لاکھ صرف سٹیٹ میوزیم آف آرٹس میں موجود ہیں مگر جگہ کی کمی کے باعث صرف 2,400 نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ باقی 97 ہزار نایاب نوادرات ذخیرہ میں ہیں۔ صدر نے زور دیا کہ یہ بیش بہا خزانہ صرف ازبک عوام کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا ورثہ ہے اور ان کو محفوظ رکھنا مقدس ذمہ داری ہے۔

تاریخ میں پہلی بار ملک میں اتنے بڑے پیمانے پر میوزیم تعمیر ہو رہا ہے جس کا کل رقبہ 40 ہزار مربع میٹر ہوگا۔اس میں جدید سہولیات سے آراستہ نمائش ہالز، لائبریری، ریسرچ و ریسٹوریشن لیبارٹریز اور اسٹوریج ایریاز قائم کیے جائیں گے جہاں بیک وقت 10 ہزار نوادرات کی نمائش ممکن ہوگی۔مزید برآں، 4 ہزار مربع میٹر پر مشتمل علاقے میں کانفرنس ہالز، لیکچر رومز، ریستوران اور بچوں کے کھیل کے میدان بھی ہوں گے۔

یہ میوزیم ابوالقاسم مدرسہ، پیلس آف فرینڈشپ آف پیپلز اور نیشنل پارک کے ساتھ ایک یکجا سیاحتی مرکز کی صورت اختیار کرے گا،جو ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرے گا۔آئندہ برسوں میں میوزیم کا تعاون لوور، میٹروپولیٹن میوزیم، برٹش میوزیم اور دیگر عالمی اداروں سے متوقع ہے، تاکہ خصوصی نمائشوں اور نایاب نوادرات کو پیش کیا جا سکے۔صدر مرزیایوف نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ عظیم الشان منصوبہ ہماری قوم کے عالمی تاریخ اور تہذیب میں کردار کو مزید نمایاں کرے گا اور کئی نسلوں تک عوام کی خدمت کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :