دبئی کی شہزادی شیخہ مَہرہ نے فرنچ مونٹانا سے منگنی کرلی

جولائی 2024ء میں انہوں نے اپنے سابق شوہر پر بے وفائی کا الزام لگاتے ہوئے سوشل میڈیا پر علیحدگی کا اعلان کیا تھا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 اگست 2025 16:20

دبئی کی شہزادی شیخہ مَہرہ نے فرنچ مونٹانا سے منگنی کرلی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اگست 2025ء ) دبئی کی شہزادی شیخہ مَہرہ بنت محمد بن راشد آل مكتوم نے منگنی کرلی۔ عالمی میڈیا کے مطابق دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی صاحبزادی شیخہ مہرہ اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار و موسیقار فرنچ مونٹانا نے منگنی کرلی ہے، یہ رشتہ رواں برس جون میں پیرس فیشن ویک کے دوران باضابطہ طور پر طے پایا، تاہم فی الحال ان کی شادی کی کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے لیکن دونوں شخصیات کی جوڑی کو ایک نمایاں اور غیر معمولی تعلق قرار دیا جا رہا ہے کیوں کہ ایک طرف خلیجی شاہی خاندان اور دوسری طرف ان کے منگیتر بین الاقوامی موسیقی کی دنیا سے جڑے ہوئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ دبئی کی شہزادی شیخہ مہرہ کو گھڑ سواری، فلاحی سرگرمیوں اور عوامی بہبود کے کاموں کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے، وہ اس سے قبل شادی شدہ تھیں لیکن جولائی 2024ء میں انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے سابق شوہر پر بے وفائی کا الزام لگاتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، اس حوالے سے ان کی پوسٹ سوشل میڈیا پر کافی وائرل بھی ہوئی تھی جب کہ ان کی پہلی شادی سے ایک بیٹی بھی ہے جس کی عمر 15 ماہ ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ دبئی کی شہزادی اور فرنچ مونٹانا کے تعلقات کی افواہیں اس وقت زور پکڑنے لگیں جب دونوں کو گزشتہ برس مختلف مواقع پر دبئی، مراکش اور دیگر مقامات پر ایک ساتھ دیکھا گیا، اکتوبر 2024ء میں شیخہ مہرہ نے پہلی بار فرنچ مونٹانا کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جن میں وہ دبئی کے مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کرتے دکھائی دیئے، روان برس جون 2025 میں بھی دونوں کی تصاویر منظر عام پر آئیں جو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔