Live Updates

سیلابی صورتحال میں مون سون بارشوں کے ایک اور سپیل کی پیشگوئی

بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 اگست 2025 15:43

سیلابی صورتحال میں مون سون بارشوں کے ایک اور سپیل کی پیشگوئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اگست 2025ء ) ملک میں سیلابی صورتحال کے دوران مون سون بارشوں کے ایک اور سپیل کی پیشگوئی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے کل سے صوبے بھر میں مون سون کا 9 واں سپیل شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے اور بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کردیا۔

اس حوالے سے ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا 9 واں سپیل کل سے شروع ہوگا، اس دوران 29 اگست سے 2 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرانولہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں جب کہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی گئی ہے، اس سلسلے میں صوبائی ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں شدید سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، دریائے چناب، راوی اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر سکتے ہیں اس لیے تمام ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران فیلڈ میں موجود رہیں، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ شہریوں سے التماس ہے خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں کے اطراف اکٹھے ہونے اور سیرو تفریح سے گریز کریں، آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات