Live Updates

دریائے چناب میں کوٹ مومن کے مقام پر سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری

جمعہ 29 اگست 2025 14:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) دریائے چناب میں کوٹ مومن کے مقام پر سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف گزشتہ 72 گھنٹوں سے خود فیلڈ میں موجود ہیں اور کشتیوں کے ذریعے مختلف دیہات اور نشیبی علاقوں میں جا کر ریسکیو آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انتظامیہ کی زیر نگرانی اب تک درجنوں متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کا کہنا ہے کہ 2014 کے مقابلے میں اس سال کا سیلاب زیادہ خطرناک ہے تاہم ضلعی انتظامیہ نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور ہر فیملی کے ریسکیو ہونے تک عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے مطابق سیلاب متاثرین کے نقصان کے ازالے اور بحالی کے عمل میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ قادرآباد بیراج پر پانی کی سطح میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور اگلے 24 گھنٹوں میں مجموعی صورتحال بہتر ہونے کا امکان ہے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات