ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں اسیران کیلئے 2 تعلیم بالغاں سنٹرز کا قائم کر دیئے گئے ہیں،ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی

جمعہ 29 اگست 2025 16:30

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) ضلع سرگودھا کی جانب سے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں ان پڑھ اسیران کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے دو تعلیم بالغاں سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی سرگودھا مہر عمر دراز جھاوری نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں قائم کردہ تعلیم بالغاں مراکز کا دورہ کیا اور قیدیوں کا تعلیمی جائزہ لیا گیا ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر مہر عمر دراز جھاوری نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل سرگودھا میں پانچ ماہ کی مدت کیلئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں جیل کے قیدیوں کو ریاضی کی ایک اور اردو کی تین کتب پڑھائی جا رہی ہیں۔ آخر میں کامیاب اُمیدواروں کو سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ تعلیمِ بالغاں پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ جیل کے 18 سال سے 45 سال تک کی عمر کے قیدی استفادہ حاصل کر رہے ہیں تاکہ وہ جیل سے رہائی کے بعد معاشرے کے مفید شہری ثابت ہوسکیں۔

عمر دراز جھاوری نے کہا کہ قیدیوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مند بھی بنایا جائے گا تا کہ وہ رہائی کے بعد معاشرے اور ملک کے کارآمد شہری ثابت ہوں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر مہر عمر دراز جھاوری نے کہا کہ نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ سرگودھا بنیادی تعلیم کی فراہمی، لٹریسی ریٹ کی بہتری، جہالت کے خاتمہ اور سماجی ترقی کے طے شدہ ملکی ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے ہر ممکن کردار ادا کر رہا ہے تاکہ معاشرہ صحیح معنوں میں مثبت انداز میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو پائے۔ اس موقع پر سپریٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ، ڈپٹی سپریٹنڈنٹٹ جیل، فیلڈ آفیسر این سی ایچ ڈی محمد آصف جاوید جٹ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :