سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی لائبریری میں نئے کمپیوٹرز کافتتاح کر دیا

جمعہ 29 اگست 2025 19:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) سپریم کورٹ بار لائبریری میں نئے کمپیوٹرز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی لائبریری میں نئے کمپیوٹرز کافتتاح کیا۔ تقریب میں سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار سید مہر علی بخاری ایڈووکیٹ، صدر سنٹرل بار سید انیس گیلانی ایڈووکیٹ، ممبران بار کونسل، سپریم کورٹ بار ،ہائی کورٹ بار اور سنٹرل بار کے سابق صدور و عہدیداران کے علاوہ سپریم کورٹ کے سینئر وکلا نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جسٹس خواجہ محمد نسیم نے صدر اور سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار کی طرف سے نئے کمپیوٹرز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی دعوت پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر دور حاضر میں انتہائی لازمی ضرورت بن چکا ہے،پوری دنیا کے طالب علم خواہ وہ یونیورسٹی میں ہوں یا کالج میں گھر بیٹھے کمپیوٹر کے ذریعے آن لائن جدید تعلیم حاصل کر رہے ہیں،ہر شعبہ زندگی میں کمپیوٹر کا استعمال ناگزیرہو چکا ہے،عدالتی امور میں کمپیوٹر کی افادیت اور ضرورت اور بھی زیادہ ہے،سپریم کورٹ میں کاز لسٹ کمپیوٹر کے ذریعے وکلا کو ارسال کی جاتی ہے۔

مقدمات کی ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت یا کسی مقدمہ کے بارے میں معلوم کرنا ہو کمپیوٹر کے ذریعے ویب سائٹ کھول کر ساری معلومات مل سکتی ہیں،ہمیں چاہیے کہ تمام اداروں میں کمپیوٹر کا استعمال یقینی بناتے ہوئے اداروں کی کارکردگی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔ انہوں نے سپریم کورٹ بار کے تمام عہدیداران کو لائبریری میں کمپیوٹر کی تنصیب پر دلی مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے سید مہر علی بخاری ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار نے خطاب کرتے ہوئے تقریب میں افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرنے کے لیے سینئر جج سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بار کی لائبریری کے لئے کمپیوٹر کی فراہمی میں آپ کا تعاون قابل ستائش ہے جس کے لئے ہم دلی طور پر آپ کے مشکورہیں۔