ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیر صدارت کیچ کلچرل، آرٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ فیسٹیول کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 29 اگست 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں کیچ کلچرل، آرٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ فیسٹیول کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں فیسٹیول منیجر التاز سخی، رابطہ کمیٹی کے اراکین مقبول ناصر، قدیر لقمان، غلام اعظم دشتی، تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی، پھلان خان، مبارک بلوچ، آل پارٹیز ضلع کیچ کے کنوینر نواب شمبے زئی اور دیگر نمائندے بھی شریک تھے۔

اجلاس میں فیسٹیول کی تیاریوں اور انعقاد کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے فیسٹیول کو سراہتے ہوئے اسے کیچ کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ قرار دیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیچ ہمیشہ سے ادب و ثقافت کا گہوارہ رہا ہے اور یہ فیسٹیول اس روایت کو مزید تقویت دے گا۔

انہوں نے کہا کہ بطور عوامی نمائندہ انہوں نے ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، جن میں کیچ کلچرل سینٹر اور میوزیم کا قیام شامل ہے۔ مزید برآں کلچرل سینٹر میں ایک بڑا آڈیٹوریم زیر تعمیر ہے جبکہ اوپن تھیٹر سمیت دیگر منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کہا کہ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ادب، ثقافت اور فنون سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ ایونٹ ایک تاریخی اور یادگار موقع ثابت ہوگا اور اس روایت کو آئندہ برسوں میں بھی جاری رکھا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈپٹی کمشنر کیچ نے اسپورٹس کمپلیکس، کجھور فیکٹری، دانش اسکول اور دیگر عوامی منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔