ق*ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا

ہفتہ 30 اگست 2025 19:55

ؔ صحبت پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے میل وارڈ، فی میل وارڈ، او پی ڈی سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں دستیاب ادویات، صفائی کی صورتحال، مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اور طبی عملے کی حاضری کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فتح علی کھوسہ نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کو درپیش مسائل خصوصا بجلی اور پانی کی عدم دستیابی، عملے کی کمی، اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے ہسپتال کے تمام شعبہ جات کا بغور جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو عبادت سمجھ کر انجام دیں اور خلقِ خدا کی خدمت میں کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی نہ برتیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے، ان کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ اعلی حکام کو تحریری طور پر آگاہ کرے گی تاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ان سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف طبی عملے کو اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دینے میں آسانی ہوگی بلکہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو بھی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے ایم ایس اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے ہسپتال میں صفائی، ادویات کی دستیابی اور مجموعی نظم و نسق پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں

متعلقہ عنوان :