چین اور بیلاروس کا عالمی امن و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم

اتوار 31 اگست 2025 14:20

تیانجن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین بیلاروس کے ساتھ کثیرالملکی تعاون فروغ دینے، عالمی امن، ترقی اور باہمی کامیابی کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کا خواہاں ہے، کیونکہ انسانیت ایک بار پھر فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے۔شنہوا کے مطابق یہ بات انہوں نے اتوار کو شمالی چینی شہر تیانجن میں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کے دوران کہی۔

بیلاروسی صدر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہی اجلاس 2025 اور چین کی عوامی جنگِ مزاحمت و عالمی انسداد فاشزم جنگ کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے چین کے دورے پر ہیں۔صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور بیلاروس کے عوام نے ماضی میں کندھے سے کندھا ملا کر فاشزم کے خلاف جنگ لڑی اور ایک گہری دوستی کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم قومی معاملات پر مضبوط حمایت جاری رکھنی چاہیے۔

ملاقات میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت اعلیٰ معیار کے تعاون کو فروغ دینے، ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی اور نئے شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔بیلاروسی صدر لوکاشینکو نے عالمی اور علاقائی امور میں چین کے منصفانہ مؤقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین یوریشیا اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس چین کا ہر حال کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے مابین قومی طرز حکمرانی و مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ملاقات کے دوران ٹیکنالوجی، مالیات، میڈیا، ٹرانسپورٹ اور کسٹمز سمیت متعدد شعبہ جات میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔