سری لنکا نے زمبابوے کو دوسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی

اتوار 31 اگست 2025 22:00

ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) سری لنکا نے زمبابوے کو دوسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی،فاتح ٹیم نے 278 رنز کا ہدف 49.3 اوورز میں حاصل کر لیا، پاتھم نسانکا نے شاندار سنچری سکور کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

بین کرن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 79 رنز بنائے۔ سکندر رضا نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے تین اسیتھا فرنینڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 49.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر پاتھم نسانکا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 122 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ کپتان چرِتھ اسالانکا نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور 71 رنز بنائے۔ زمبابوے کی طرف سے رچرڈ نگراوا اور بریڈ ایونز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔