Live Updates

مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو ایک دوسرے کا سہارا بننا ہوگا،چوہدری ذوالفقار علی تلک پور

پیر 1 ستمبر 2025 13:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو ایک دوسرے کا سہارا بننا ہوگا۔ سیلاب متاثرین کی مدد کرنا نہ صرف انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے بلکہ ہماری دینی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری بھی ہے۔ اس بات کا اظہار ممتاز سماجی شخصیت چوہدری ذوالفقار علی نے سیلاب سے متاثرہ افراد میں راشن تقسیم کرنے کے موقع پر تلک پور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو خوراک، ادویات اور رہائش فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور عوام کو اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے،حالیہ بارشوں اور سیلاب نے علاقے کے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ بہت سے خاندان بے گھر ہو گئے ہیں اور انہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے زور دیا کہ صاحب استطاعت افراد آگے بڑھیں اور متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ وہ جلد از جلد اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور انتظامیہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ متاثرین کی بحالی میں مصروف ہیں لیکن اصل کامیابی تب ممکن ہے جب سماجی شخصیات، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات بھی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست یا ذاتی مفاد کا نہیں بلکہ یکجہتی اور تعاون کا ہے۔چوہدری ذوالفقار علی نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اور مستقبل میں بھی عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل وقت سے نجات دے اور ہمارے ملک کو ایسی آزمائشوں سے محفوظ رکھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :