Live Updates

سیلاب کی آڑ میں گرانفروشوں نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ کر دیا‘ جاوید قصوری

منگل 2 ستمبر 2025 13:59

سیلاب کی آڑ میں گرانفروشوں نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشر با ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کی زیر صدارت امرائے اضلاع اور ضلعی فوکل پرسن عوامی کمیٹیاں مہم کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا، صوبائی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر بابر رشید، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز جنرل رانا تحفہ دستگیر احمد، میاں رحمت اللہ وٹو و دیگر ذمہ داران شریک ہوئے، اجلاس میں عوامی کمیٹیوں کی رپورٹ، جائزہ عوامی کمیٹی کنونشن و ممبر کنونشن، وسطی پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں اور اجتماع عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ سیلاب کی آڑ میں گرانفروشوں نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

سبزی ، دالوں سمیت ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ ذخیرہ اندوزوں کی چاندی ہو گئی ہے ۔ غریب عوام کو لوٹنے کے لئے مافیا ایک مرتبہ پھر سرگرم ہو چکا ہے ۔ منڈیوں میں حکومتی چیک اینڈ بیلنس عملاً ختم ہو گیا ہے ۔

سیلاب نے آدھے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، عوام بے یارومددگار ہیں ،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ذاتی تشہیر میں مصروف ہیں ۔ الخدمت فاونڈیشن کے کیمپوں کو انتظامیہ کی جانب سے اکھاڑنے کی کوشش شرمناک اقدام ہے ، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑے سیلاب سے دوچار ہیں ۔ بد قسمتی سے سیلاب متاثرین کے ریلیف اور بر وقت امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے حکومتوں کی کارکردگی نا قص رہی ہے۔

سیلاب سے متاثرہ افراد کو خوراک ،مچھر دانیاں،صاف پانی ،پانی کے ٹینک،ادویات کی اشد ضرورت ہے ۔ مخیر افراد دل کھول کر سیلاب زدگان کی امداد کریں ۔جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کے ہزاروں رضا کار اس وقت فیلڈ میں موجود ہیں۔ہم سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔آخری شخص کی بحالی تک فیلڈ میں موجود ہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دریاوں میں سلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 23 لاکھ 83 ہزار لوگ متاثر ہوئے، جبکہ اب تک ملک بھر میں 819 اموات ہوئیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں 493 مرد، 123 خواتین جبکہ بچوں کی تعداد 203 ہے۔ ایک ہزار 111 افراد بارش اور سیلاب میں زخمی ہوئے ہیں ۔ زخمیوں میں 546 مرد، 295 خواتین شامل ہیں۔ 8 ہزار 658 گھر بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے۔ 2 ہزار 70 گھر مکمل تباہ ہوئے اور 6 ہزار 588 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ ہیلتھ سے متعلق 104 مراکز بھی متاثر ہوئے۔نقصانات بڑے پیمانے پر ہوئے ہیں ، قوم کو دس مئی کی طرح بھارتی آبی جارحیت سے نمٹنے کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات