Live Updates

صوبائی وزیر زراعت کی زیر صدارت اجلاس،متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا نے کی ہدایت

پیر 1 ستمبر 2025 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) وزیر زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت محکمہ زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب کا مشترکہ اجلاس زراعت ہاوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیلابی صورتحال کے دوران متاثرین سیلاب کے جانوروں کے چارے، ویکسین اور ونڈے وغیرہ کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کے 1100 افسران و عملہ اور محکمہ لائیو اسٹاک کے 3000 افسران و عملہ فلڈ ریلیف کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا ابتدائی سروے کیا جائے اور متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔

متاثرین سیلاب کے جانوروں کے لیے چارہ، خوراک اور ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ مویشیوں کے لیے سائلج، ونڈا اور توڑی کے انتظامات کیے جائیں جبکہ متعدی بیماریوں کے خلاف ویکسینیشن بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کشتیاں حاصل کر کے سیلابی پانی میں پھنسے جانوروں تک سائیلج، ونڈا اور ضروری ادویات پہنچائی جائیں۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں بھرپور عملی کردار ادا کر رہا ہے اور فیلڈ فارمیشنز کو اس ضمن میں خصوصی ٹاسک سونپ دئیے گئے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات