Live Updates

محکمہ زراعت کی سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر کاشتکاروں کو بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات

پیر 1 ستمبر 2025 18:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نےحالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر کاشتکاروں کو بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ قیمتی فصلوں اور مویشیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کاشتکار پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہونے والے الرٹس پر خصوصی نظر رکھیں اور متاثرہ یا متوقع متاثرہ علاقوں سے اپنے مویشی اور قیمتی سامان کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔

سیلاب کے بعد کھیتوں میں کھڑی فصلوں اور زمین کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔محکمہ زراعت نے سفارش کی ہے کہ بیج اور کھاد سمیت دیگر زرعی مداخل کو محفوظ گوداموں میں رکھا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

اسی طرح زرعی مشینری اور ڈیری فارم کے مویشیوں کو بھی بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنا نہایت ضروری ہے۔

ترجمان محکمہ زراعت نے مزید کہا کہ سیلابی پانی اترنے کے بعد کھیتوں سے پانی نکالنے کا فوری بندوبست کریں تاکہ فصلوں اور زمین کی زرخیزی کو برقرار رکھا جا سکے اور کاشتکار قریبی زرعی ماہرین سے مقامی حالات کے مطابق مشاورت کریں تاکہ زمین کی بحالی و آئندہ فصلوں کی کاشت کے بارے میں رہنمائی حاصل کریں۔مزید برآں کاشتکارکسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں ایگریکلچرل ہیلپ لائن 0800-17000 (پیر تا اتوار صبح 8 بجے تا رات 8 بجے) پر رابطہ کر کے رہنمائی اور معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :