اقوام متحدہ کا افغانستان میں زلزلہ متاثرین کے لیے 50 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان

منگل 2 ستمبر 2025 10:20

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) اقوام متحدہ نے افغانستان میں آنے والے شدید زلزلے کے متاثرین کی ہنگامی امداد کے لیے اپنے سینٹرل ایمرجنسی ریسپانس فنڈ سے 50 لاکھ ڈالر جاری کر دیئے ہیں، اس زلزلے میں اب تک 800 سے زیادہ افراد جاں بحق اور 2,800 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق اقوام متحدہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں زلزلہ متاثرین کیلئے ایک ایمرجنسی اپیل تیار کی جا رہی ہے اور ابتدائی طور پر سی ای آر ایف سے 50 لاکھ ڈالر کی رقم جاری کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کی ٹیم متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی تاہم اس وقت دستیاب فنڈز ان کی تمام ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں افغانستان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں، جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہری ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ 31 اگست کو ہندوکش کے علاقے میں آنے والے 6.2 شدت کے زلزلے کے باعث کئی دیہات مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے سبب متعدد سڑکیں بند اور مواصلاتی نظام متاثر ہوا، پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔